پچھتر کروڑ اسی لاکھ ڈالر کی لاٹری جیتنے والی خاتون..مزید جانئے ..؟؟

(سوچ ویب نیوز )

امریکی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی، یعنی تقریباً 75 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی لاٹری جیتنے والی خاتون میڈیا کے سامنے پیش ہوئیں جنھیں انعام سے نوازا گيا ہے۔

دو بچوں کی ماں 53 سالہ میوس ونسزیک نے اس لاٹری کا ٹکٹ میساچوسٹس کے شہر چیکوپی کے ایک پیٹرول پمپ سٹیشن سے خریدا تھا۔

انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ جیتنے کے فوراً بعد انھوں نے ملازمت چھوڑ دی ہے۔

ان کی اس کامیاب لاٹری ٹکٹ کا نمبر 6، 7، 16، 23، 26، اور 4 تھا۔

میوس کو اس انعام میں سے ٹیکس اور دیگر اخراجات نکالنے کے بعد مجموعی طور پر 44 کروڑ 33 لاکھ ڈالر ملیں گے۔

امریکی تاریخ میں انفرادی طور پر جیتی گئی انعامی رقم کی مناسبت سے یہ اب تک کی سب سے بڑی لاٹری ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں ؛

مردم شماری کے عبوری نتائج جاری، آبادی20 کروڑسے متجاوز..مزید جانئے ..؟؟

اس سے قبل گذشتہ برس جنوری میں جو سب سے بڑی لاٹری جیتی گئی تھی اس کی انعامی رقم تقریباً ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کی تھی لیکن یہ رقم مشترکہ طور پر جیتنے والے تین افراد میں تقسیم کی گئی تھی۔

میساچوسٹس سٹیٹ لاٹری نے میڈیا کو بتایا ہے کہ بدھ کی شب والے مذکورہ کامیاب ٹکٹ کی توثیق کر دی گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں میوس وانسزیک نے کہا: ‘پہلی چیز تو یہ ہے کہ میں بس بیٹھ کر آرام کرنا چاہتی ہوں۔ میرا ایک طویل خواب تھا جو شرمندہ تعبیر ہوا۔’

انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ انھوں نے اپنی لاٹری کے نمبر مختلف تواریخ پیدائش کی مناسبت سے خریدے تھے۔

وہ ایک میڈیکل سینٹر میں گذشتہ 32 برسوں سے کام کر رہی تھیں۔ انھوں نے کہا: ‘میں نے انھیں فون کر کے بتا دیا ہے کہ اب میں کام پر واپس نہیں آؤں گی۔’

جب صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ وہ اس دولت کا کیا کریں گی، تو اس کے جواب میں انھوں نے کہا کہ انھوں نے کچھ ماہ قبل ہی ایک اچھی کار خریدی تھی اور اب اس کا قرضہ مکمل طور پر ادا کریں گی۔

اس لاٹری کی انعامی رقم میں سے 50 ہزار ڈالر لاٹری فروخت کرنے والے کو دیے جائیں گے اور پیٹرول سٹیشن کے مالک باب بالبک کا کہنا ہے کہ یہ رقم خیراتی ادارے کو دی جائے گی۔

Facebook Comments